لکھنؤ،22؍جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سماج وادی پارٹی (ایس پی) میں حاشیے پر پہنچے سینئر لیڈر اور ممبر اسمبلی شیو پال یادو نے نئی پارٹی بنانے کی قیاس آرائیوں کے درمیان کہا کہ وہ اب بھی ایس پی بانی ملائم سنگھ یادو کے ساتھ ہیں اور ان کی دعا ہے کہ خاندان ایک بار پھر سے متحد ہو۔شیو پال نے اس کی سالگرہ کے موقع پر نئی پارٹی بنانے کی امکانات کے بارے میں کہاکہ ہم نیتا جی (ملائم سنگھ) کے ساتھ ہیں۔ ملائم سنگھ کا جو حکم ہوگا، ہم اس کی پیروی کریں گے۔انہوں نے کہاکہ آج بھی ہماری یہی دعا ہے کہ خاندان ایک ہو جائے۔ ایک ہوکر ہی ہم فرقہ پرست طاقتوں اور بدعنوانی سے لڑ سکتے ہیں۔شیو پال نے کہا کہ ریاست میں اس وقت بڑے چیلنجز ہیں۔ پوری ریاست کی عوام پریشان ہے۔ خاص طور پر کسان اور نوجوان بہت پریشان ہیں۔ مہنگائی کے ساتھ ساتھ اتر پردیش میں جو لوٹ اور ڈکیتی کے واقعات روز بروز سامنے آرہے ہیں بدعنوانی مسلسل بڑھتی جارہی ہے اور کہیں کسی کی سماعت نہیں ہو رہی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال ایس پی پر تسلط کی جنگ میں اپنے بھتیجے اکھلیش یادو کی فتح کے بعد سے شیو پال پارٹی میں حاشیے پر ہیں۔ اس دوران ایس پی بانی ملائم سنگھ یادو مسلسل شیوپال کے ساتھ کھڑے دکھائی دئیے۔اس وقت ایسی قیاس آرائی کی جارہی تھی کہ شیو پال ملائم سے الگ نئی پارٹی بنائیں گے، مگر ایسا نہیں ہوا۔